اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہاہے کہ پاکستان میں دنیا کے سستے ترین موبائل کالز و ڈیٹا پلانز کا مقصد عام آدمی تک بآسانی نیٹ ورک سہولیات کی فراہمی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں اور سیلاب کی تباہ کاری کا شکار پاکستان آج عالمی اداروں کی جانب دیکھ رہا ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا عالمی سطح پر آئی سی ٹی سروسز کی فراہمی, پاکستان کا بنیادی کردار ہے۔آئی ٹی یو کانفرنس میں 186 وزارتی وفود کی موجودگی میں اہم پالیسی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کی پانچویں بڑی آبادی اور خطے کا اہم ترین ملک پاکستان ہے،آئی ٹی کے بہترین ہنر مند، ٹائم زون کے لحاظ سے عالمی آئی ٹی اداروں کیلئے اہم مرکز بھی ہے۔ سید امین الحق نے کہاکہ گزشتہ 4 برس میں دور دراز و پسماندہ علاقوں تک ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ زراعت،صحت و تعلیم اور دیگر شعبوں میں ڈیجیٹل اصلاحات پر تیزی سے کام ہورہا ہے،خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے آئی سی ٹی تربیت کے متعدد پروگرامز جاری ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو خصوصا آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شعبے میں بے پناہ مراعات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دنیا کے سستے ترین موبائل کالز و ڈیٹا پلانز کا مقصد عام آدمی تک بآسانی نیٹ ورک سہولیات کی فراہمی ہے۔امین الحق نے کہاکہ آئی ٹی یو بہتر ڈیجیٹل مستقبل کی تعمیر کیلئے کوشاں اور پاکستان اس پالیسی پر عمل پیرا ہے،موسمیاتی تبدیلیوں اور سیلاب کی تباہ کاری کا شکار پاکستان آج عالمی اداروں کی جانب دیکھ رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کی سیاست و معیشت میں پاکستان کا کردار اہم لیکن عالمی توجہ کے معاملے میں فراموشی کا شکار۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا عالمی سطح پر آئی سی ٹی سروسز کی فراہمی, پاکستان کا بنیادی کردار ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم سیلاب, معاشی مشکلات اور غذائی مسائل سے دوچار لیکن عزم و ہمت میں اپنی مثال آپ ہیں۔