اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں پانی اور سستی بجلی کی اشد ضرورت ہے ،پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں زیرتعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہمند ڈیم اور تربیلا 5توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر کیا۔ چیئرمین واپڈا نوید اصغر چوہدری بھی اس دوران ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے واپڈا کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں اپنی کوشش مزید تیز کرے اور زیرتعمیر منصوبوں کی اہداف کے مطابق تکمیل کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تعمیر میں مقررہ معیاد کے حصول کو بھی یقنی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت آبی وسائل زیرتعمیر منصوبوں پر پیش رفت کی مؤثر نگرانی کرے گی اور منصوبوں کی وقت پر تکمیل کیلئے واپڈا کو بھرپور مدد فراہم کی جائے گی۔
اپنے دوروں کے پہلے مرحلے میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مہمند ڈیم پہنچے اور مین ڈیم، سپل وے،پاور ان ٹیک اور ڈائی ورشن ٹنل سمیت منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے واپڈا کالونی میں نئی تعمیر کی گئی جامع مسجد کا افتتاح بھی کیا۔قبل ازیں جنرل منیجر مہمند ڈیم پراجیکٹ اور جنرل منیجر (لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ) نے وفاقی وزیر کو اس منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر کو بتایا گیاکہ اس وقت منصوبے کی 14سائٹس پر بیک وقت تعمیراتی کام جاری ہے۔ مہمندڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 1.2ملین ایکڑ فٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800میگا واٹ ہوگی۔ یہ منصوبہ 2026میں مکمل ہوگا۔ منصوبے کی بدولت نیشنل گرڈ کو ہرسال اوسطاً 2.86 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کے سالانہ فوائد کا اندازہ 51ارب روپے ہے۔ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں وفاقی وزیرآبی وسائل تربیلا ڈیم پہنچے اور تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی گھر کے ساتھ ساتھ زیرتعمیر پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
جنرل منیجر تربیلا ڈیم اور جنرل منیجر پاور تربیلا نے وفاقی وزیر کو تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی گھر کی کارکردگی کے علاوہ زیرتعمیر پانچویں توسیعی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگا واٹ ہوگی اور اس منصوبے سے 2024ء میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔
پانچویں توسیعی منصوبے کے مکمل ہونے پر تربیلا سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 888میگا واٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418میگا واٹ ہوجائے گی۔ تربیلا پانچواں توسیعی منصوبے سے نیشنل گرڈ کو ہرسال ایک ارب 34کروڑ 70لاکھ یونٹ سستی پن بجلی حاصل ہوگی۔ منصوبے سے ہر سال 15ارب روپے کے مساوی فوائد حاصل ہوں گے