واشنگٹن ( نمائندہ خصوصی )امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی پروگرام کے لیے مزید ایک کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ماضی کی طرح پاکستان کی مدد کے لیے موجود ہیں۔انٹونی بلنکن نے یہ بات واشنگٹن میں گزشتہ روز وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران کہی، ملاقات میں کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں انٹونی بلنکن نے بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دوستوں نے چین کے حوالے سے بھی بات کی ہے اور دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا تنقیدی جائزہ لیا۔امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوسکتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ثابت ہوں گے۔بلاول بھٹو سے ملاقات کے دوران انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہماری ملاقات اس وقت ہورہی ہے
جب پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے، پاکستان کے لیے انتہائی مشکل لمحہ ہے، سیلاب کے چیلنج سے فوری نہ نمٹے تو طویل البنیاد اثرات مرتب ہوں گے، ہم دو طرفہ تعلقات کی تعمیر نو کے لیے منتظر ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور امریکا نے باہمی خطرات اور دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کیا اور افغانستان کے بارے میں مشترکہ اہداف حاصل کیے ہیں۔سیکرٹری انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا گہرا رشتہ ہے جو تمام چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت ہے۔