لاہور ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر آج سنگین جرم ثابت ہونے کے بعد بھی غدار عمران خان کو عبرت کا نشان نہیں بنایا جاتا تو پھر ملکی تباہی کا ذمہ دار ہم سب کو سمجھا جائے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ تکلیف دہ بات یہ نہیں کہ ایک غیر ملکی تربیت یافتہ، فارن فنڈڈ فتنے نے پاکستان کی تقدیر سے کھیلا، اس نے تو یہی کرنا تھا کیونکہ ملک میں انتشار پھیلانے کے عوض اس نے لاکھوں ڈالر پکڑے ہوئے تھے،
تشویشناک پہلو یہ کہ عمران غدار وہ سب کرتا رہا اور سب چپ کر کے دیکھتے رہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے مزید لکھا کہ 22 کروڑ کا ملک 4 سال ایک نااہل، ناہنجار اور غدار کے ہاتھوں میں گروی رہا۔ اس نے داخلی اور خارجی سطح پر ملک کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ثاقب نثار جیسوں نے اسے صادق و آمین قرار دیا؟ کونسا جرم ہے جو اس پر ثابت نہیں ہوا؟-مریم نواز نے مبینہ آڈیو لیک کے حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ وہ (عمران خان) خود کہہ رہا ہے کہ میں نے عوام کے ساتھ کھیلنا ہے۔ اگر آج ہر طرح کا سنگین جرم ثابت ہونے کے بعد بھی اس غدار عمران کو عبرت کا نشان نہیں بنایا جاتا تو پھر ملک کی تباہی کا ذمہ دار ہم سب کو سمجھا جائے گا۔