کراچی( اسپورٹس رپورٹر) سیریز کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 19.2 اوور میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ حارث رؤف اور محمد نواز نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کے تین کھلاڑی 14 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے
جس کے بعد چوتھی وکٹ کی شراکت میں 43 اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 49 رنز بنے جبکہ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 32 رنز بنائے گئے لیکن انگلش ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی۔انگلش کھلاڑی لیام ڈاؤسن 17 گیندوں پر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے اپنی آخری اوور میں 24 رنز دیے۔پاکستانی اوپنرز کی جانب سے پہلی وکٹ کی شراکت میں 97 رنز بنائے گئے، یہاں کپتان بابراعظم 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنے لیکن شان مسعود کے 21 رنز پر آؤٹ ہونے پر شراکت داری ٹوٹ گئی۔ خوشدل شاہ دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان نے آخری پانچ اوورز میں 46 رنز بنائے جبکہ اس کی تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل چوتھی نصف سنچری بنائی۔, قبل ازیں پاکستان نے حیدر علی اور شاہ نواز دھانی کی جگہ آصف علی اور محمد وسیم جونئیر کو ٹیم میں شامل کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم میں الیکس ہیلز اور ڈیوڈ ولی کی واپسی ہوئی جبکہ اولی سٹون نے ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کیا ہے۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بقیہ تین میچز اب لاہور میں کھیلے جائیں گے اور پانچواں میچ بدھ 28 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے۔