پشاور(رپورٹ ۔ابراہیم خان) خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح قائمقام سپیکر محمودجان کی زیر صدارت تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اجلاس میں کوئی کارروائی نہیں ہوسکی ۔ابتداء میں ہی اپوزیشن کی طرف سے کورم کی نشاندہی کردی گئی۔اس موقع پر ایوان میں صرف 20 ممبران موجود تھے،جس پر سپیکر نے کہا کہ دو منٹ تک گنٹھیاں بجائی جائیں۔ دو منٹ کے بعد دوبارہ ممبران کی تعداد گنی گئی تو وہ تعداد صرف 28۔ تھی۔
اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ ایک ایک منٹ کے لئے مزید گنٹھیاں بجائی جائیں۔ جس کے بعد تیسری دفعہ ممبران کی گنتی کی گئی تو 29۔ممبران سے زیادہ ایوان موجود نہیں تھے۔ اسپیکر نے اس موقع پر کہا کہ ممبران اجلاس میں سنجیدگی ظاہر نہیں کر رہے۔ اجلاس نے دس بجے شروع ہونا تھا، میں ساڑھے نو بجے سے انتظار کر رہا ہوں۔ تاخیر سے اجلاس شروع کرنے کے باوجود ممبران اجلاس میں شرکت کے لئے نہیں آ رہے۔اس موقع پر سپیکر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس بروز پیر 10۔اکتوبر 2022کی دوپہر 2۔بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔