کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ کراچی میں 23 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے پیپلز پارٹی نے تمام یوسیز سے نہ صرف اپنے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کو ٹکٹ دئیے ہیں اور انشاءاللہ اس بار ہم کراچی میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل سے پہلے ہی ایک کونسلر بلامقابلہ منتخب ہوچکا ہے اور یہ اس بات کہ دلیل ہے کہ ماضی میں جس ڈسٹرکٹ کو پیپلز پارٹی کے لئے نوگو ڈسٹرکٹ قرار دیا جارہا تھا اب وہ ہمارا گڑھ بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کراچی کے مختلف اضلاع کے بلدیاتی امیدواروں سے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے امیدواروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے اجلاس سے پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی وزیر اعلٰی سندھ وقار مہدی، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، نعمان شیخ، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر استاد مسرور احسن نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تمام پی ایس اور یوسیز کے صدور و جنرل سیکرٹریز اور چیئرمین و وائس چیئرمین بھی موجود ہیں۔ اجلاس میں 23 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ اس طرح کے اجلاس کے انعقاد کا اصل مقصد انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس بار 3 ماہ سے زائد کا وقت انتخابات کی تیاریوں کے لئے ہمیں ملا ہے۔ اس دوران آپ نے اپنے حلقہ انتخاب میں عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہوگا۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ اس بار ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ہمارا ایک کونسلر پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہوا ہے جو ایک خوش آئند ہے۔ پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ پارٹی نے کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ اور یوسیز سے اپنے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کو انتخابات کے میدان میں اتارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ یوسیز میں ہم نے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں سے کچھ نشستوں پر اشتراک کیا ہے۔
کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہم نے کراچی کے تمام اضلاع اور بالخصوص ان اضلاع میں جہاں ہمارا ماضی میں کبھی ایم این اے، ایم پی اے اور کونسلر تک نہیں رہا وہاں بھی بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے منشور پر ہمیشہ عمل پیرا رہی ہے اور ہم نے بلا کسی مذہب و مسلک و زبان ہر علاقے میں تاریخی ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ تمام نامزد امیدواروں کو عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کو مزید تیز کرنا ہوگا اور انشاءاللہ 23 اکتوبر کی شام پیپلز پارٹی کے لئے تاریخی شام ہوگی۔