اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف جمعرات کو حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر گئے ۔
اسپیکر نے اس موقع پر کہا کہ نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم بھارت کی جانب سے یاسین ملک کو سزا کی پرزور مذمت کرتی ہے اور اس سزا کے خلاف سراپا احتجاج ہے، مشعال ملک اور ان کی فیملی سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ کی جانب سے یاسین ملک کی سزا کے خلاف متفقہ طور مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے۔
مذمتی قرارداد میں بھارتی عدالت کے فیصلے کو متعصبانہ اور انصاف کے تقاضوں کے منافی قرار دیا گیا ہے ۔پارلیمنٹ اور عوام نے ہمیشہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لیے اپنی آواز بلند کی ہے۔بھارتی عدالت کا یکطرفہ فیصلہ یاسین ملک اور کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یاسین ملک کے خلاف عدالتی فیصلے نے بھارت کے نام نہاد عدالتی نظام کو بے نقاب کر دیا ہے۔یاسین ملک نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر کے حق اور سچ کے پرچم کو سر بلند کیا ہے۔مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتیں یکساں نقطہ نظر رکھتی ہیں اور کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کو بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کی پارلیمنٹ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔
پاکستانی اور کشمیری عوام میں خونی رشتے پائے جاتے ہیں اور پوری قومی کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔جس طرح ہر رات کے بعد صبح طلوع ہوتی ہے اسی طرح مقبوضہ وادی کشمیر میں بھی آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔
مشعال ملک نے سپیکر راجہ پرویز اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی نام نہاد عدالت کی جانب انصاف کے نظام کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے۔مودی حکومت نے گاندھی کے سیکولر بھارت کے نظریے کو دفن کر دیا ہے اور بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہیں ۔
نیلسن منڈیلا کی فیملی کو ان سے ملنے کی اجازت تھی لیکن مجھے اور میری بیٹی کو یہ حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ پاکستان کی پارلیمنٹ یاسین ملک کی سزا کے خلاف اظہار یکجہتی کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے گی۔میرے اور میری بیٹی کے خلاف بھی بھارت میں مقدمات درج کیے جا رہے ہیں