تل ابیب(این این آئی) اسرائیلی میڈیا رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ انڈونیشیا کے ایک سینئر سرکاری عہدیدار اور امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا ایک وفد اسرائیل پہنچا ہے جہاں وہ صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات بھی کریں گے۔اسرائیل کے نجی ٹیلی وژن کے مطابق انڈونیشیا کے ایک اعلی عہدیدار اسرائیل کے دورے پر ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے رواں سال کے آغاز سے وزارت خارجہ کی سطح پر خفیہ مذاکرات جاری تھے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس اگست میں بھی انڈونیشیا کے سرمایہ کاروں، تاجروں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین پر مشتمل ایک وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔اسرائیلی ٹی وی نے یہ بھی دعوی کیا کہ اس وقت ایک پاکستانی وفد بھی اسرائیل میں موجود ہے۔
وفد میں 9 افراد موجود ہیں جن میں 4 پاکستان میں رہتے ہیں جب کہ دیگر میں پاکستانی نژاد امریکی اور برطانوی شامل ہیں۔اسرائیلی نیوز چینل نے انکشاف کیا کہ پاکستانی وفد میں سابق وزیر مملکت اور ملکی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نسیم اشرف بھی شامل ہیں جب کہ وفد کے ہمراہ ایک پاکستانی صحافی بھی آئے ہیں تاہم انھوں نے شناخت خفیہ رکھی ہے۔