جنیوا(نمائندہ خصوصی ) ترک صدر طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں رکن ممالک سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد، مسئلہ کشمیر کے فوری حل اور یوکرین، روس کو جنگ سے نکلنے کےلئے باوقار راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔عالمی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے لیے رکن ممالک سے مالی امداد کی اپیل کی۔ترک صدر نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے،لاکھوں افراد کا سب کچھ تباہ ہوگیا اور وہ کھلے آسمان تلے اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔صدر طیب اردوان نے اقوام متحدہ اجلاس میں ایک بار پھر مسئلہ کشمیر اجاگر کرتے ہوئے
عالمی قوتیں کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں،کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم ہیں۔ترک صدر نے امن کی فوری اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم یوکرین کی سالمیت اور روس جنگ کے خاتمے کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جس کے لیے عالمی برادری بھی ترکیہ کی مخلصانہ کاوشوں کی حمایت کرے۔صدر طیب اردوان نے یوکرین روس جنگ پر اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دیا کہ ہمیں ایک ساتھ مل کر ایک ایسا سفارتی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے جو فریقوں کو 7 ماہ سے جاری بحران سے نکلنے کا باوقار راستہ فراہم کرے۔ترک صدر نے روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے فریقین کو باوقار راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ اپنی تقریر سے قبل یوکرینی صدر سے گفتگو کے بعد کیا۔ قبل ازیں صدر طیب اردوان جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن پر روسی صدر سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔