کراچی(بیورورپورٹ ) سندھ حکومت نے آٹے کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا، سندھ میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا ریٹیل قیمت پر 650 روپے کا فروخت کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وفاق سے گندم کی قیمت کے معاملے میں اختلاف کے بعد سندھ حکومت نے آٹے کی قیمت مقرر کردی ہے، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے آٹے کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے 10 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی ایکس مل پرائس 640 روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ فی کلو گرام آٹے کی ایکس مل پرائس 64 روپے مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 10 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی ریٹیل پرائس 650 روپے مقرر کی گئی ہے اور فی کلو گرام آٹے کی ریٹیل پرائس 65 روپے مقرر کی گئی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صرف دعوے نہیں کررہی ماضی میں بھی کام کرکے دکھایا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرین کو روزانہ کی بنیاد پر 2وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کا فوکس ہے کہ پانی کو نکالا جائے، 7 لاکھ لیٹر سے زائد پانی کی بوتلیں متاثرین میں تقسیم کی جاچکی ہیں، پینے کے صاف پانی کے لیے آر او پلانٹ لگائے جارہے ہیں، حکومت سندھ ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کے معاملے کو دیکھ رہی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ سیلاب متاثرین کا پہلا مرحلہ ریلیف دوسرا بحالی ہے، جن متاثرین کے گھر مکمل تباہ ہوئے حکومت ان سب کو دوبارہ تعمیر کر کے دے گی،
جب تک متاثرین گھروں تک نہیں جاتے ریلیف کا کام جاری رہے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت صرف دعوے نہیں کررہی ماضی میں بھی کام کرکے دکھایا ہے، وزیر اعلی مرادعلی شاہ آج بھی متاثرہ علاقوں کے دورے پر ہیں، ایک جگہ جگہ پر جاکر کمی کوتاہی کو دیکھ رہے ہیں۔وزیراطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، سندھ بھر میں ڈینگی کے 44وارڈز مختص کیے گئے ہیں، مقامی انتظامیہ ڈینگی اور ملیریا کے اسپرے کروارہی ہے، حکومت سندھ کی توجہ ڈینگی خاتمے پر نہیں ملیریا ودیگر امراض پر بھی ہے۔دوسری جانب ٹریڈنگ کارپوریشن نے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کردیا ہے، ٹی سی پی حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل سپلائرز سے 26 ستمبر تک بولیاں طلب کرلی گئی ہیں
جو 26 ستمبر کو ہی کھولی جائیں گی۔ٹی سی پی کے مطابق گزشتہ ٹینڈر میں ٹی سی پی نے ڈیڑھ لاکھ گندم درآمد کی تھی اور گزشتہ گندم 407 ڈالر فی ٹن کے حساب سے خریدی گئی تھی۔ٹی سی پی حکام کے مطابق ٹی سی پی سے گندم پاسکو اٹھا رہا ہے، وفاقی حکومت گندم کی کمی اور اسٹریٹجک ذخائر کےلیے گندم درآمد کررہی ہے۔