اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پی ایم اسٹریٹجک ریفارمز نے خواتین مسافروں کی حفاظت کے لیے ریلوے سکیورٹی کے طریقہ کار میں تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جار ی بیان کے مطابق بہاؤالدین زکریا ایکسپریس میں دوران سفرخاتون سے زیادتی کے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر سلمان صوفی کی سربراہی میں پی ایم اسٹریٹجک ریفارمز نے خواتین مسافروں کی حفاظت کے لیے ریلوے سکیورٹی کے طریقہ کار میں تبدیلیاں تجویز کی ہیں ۔
اسٹریٹجک ریفارمز کے تحت یہ تجویز کیا گیا ہے کہ لیڈی ریلوے پولیس فورس کے اہلکاروں کی ٹیمیں ٹرین اسٹیشنوں پر تعینات کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ خاتون مسافروں کی رہنمائی اور سیکورٹی کے لیے “سفر سہیلی” موبائل ایپ لانچ کی جائے گی جبکہ پرنٹ شدہ ٹکٹوں پر ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایات ہوں گی اور ساتھ ہی ٹکٹوں پرایمرجنسی نمبر بھی پرنٹ کیا جائے گا ۔
طویل سفر کے لیے ریلوے اسٹیشنوں پر ایل آر پی ایف کے عملے (ایک لیڈی سب انسپکٹر اور 2 لیڈی کانسٹیبل) کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد کے مطابق ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور ٹرینوں میں ایمرجنسی SOS بٹن نصب کیے جائیں گے۔
مزید براں پاکستان کے تمام ریلوے اسٹیشنوں پر پوسٹرز، پمفلٹ، ہینڈ بلز اور اعلانات کے ذریعے خواتین کی حفاظت کے لیے باقاعدہ آگاہی پروگرام فوری طور پر منعقد کیے جائیں، اسے الیکٹرانک طور پر بھی نشر کیا جائے۔
اس کے علاوہ وڈیو سرویلنس سسٹم (VSS) کی تنصیب تمام ریلوے اسٹیشنوں پر حساس مقامات پر نصب کی جائے گیسی سی ٹی وی کیمرے ہر بوگی میں کوریڈورز میں نصب کئے جائیں گے ، اس کے علاوہ فیس ریکگنشن کیمرہ ایپ ایپ تیار کی جائے گی جو چہرے کی شناخت کے ذریعے مجرموں اور ان کے سابقہ ریکارڈ کو ٹریس کر سکتی ہے۔
اس بات کو یقینی بنایا جاےگا کہ آؤٹ سورس ٹرینوں کا ٹھیکہ دینے سے پہلے، تعینات تمام نجی ملازمین کے کردار کی متعلقہ ایجنسیوں/خصوصی شاخ سے کلیئرنس حاصل کی جائے مزید براں پرائیویٹ کمپنیوں کو پہلے سے دیے گئے معاہدوں کا جائزہ لیا جائے گا اور تعینات تمام نجی ملازمین کے کردار کی جانچ متعلقہ ایجنسیوں/خصوصی یونٹ کے ذریعے کی جائے گی۔ ساتھ ہی تمام ٹرینوں میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے۔