کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے سبب دریا ئے سندھ کے دائیں اور بائیں جانب واقع شہر پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ رائٹ سائیڈ پر سیلابی پانی نے بڑی تباہی مچائی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 15 لاکھ سے زیادہ ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کو برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سے چیف منسٹر ہاس میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔ ملاقات میں ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی ، ڈیولپمنٹ ڈائریکٹر سندرا بلڈون اور ڈپٹی ڈائریکٹر سارہ لمسڈن بھی شریک تھیں جبکہ وزیراعلی سندھ کے ساتھ اسپیشل اسسٹنٹ سید قاسم نوید ، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت اور وزیراعلی سندھ کے سیکریٹری رحیم شیخ موجود تھے۔
برطانیہ ہائی کمشنر نے وزیراعلی سندھ سے سیلاب میں جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ برطانوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہاکہ سندھ حکومت کو اس وقت خیموں اور مچھردانیوں کی اشد ضرورت ہے۔جس پر برطانوی ہائی کمشنر نے انہیںبتایا کہ 50 کنٹینرز پر مشتمل شیلٹر اور پلاسٹک شیٹس اگلے 2 ہفتوں میں کراچی پہنچ جائیں گی۔وزیر اعلی سندھ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان چیزوں کی ہمیں سخت ضرورت ہے۔انہوں نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ 2 مہینوں میں زرعی زمینوں سے پانی کی نکاسی کا عمل مکمل ہوجائے جس کے بعد گندم کی فصل کاشت کی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ حکومت سندھ ہم کاشتکاروں کو فصل کی کاشت میں مدد فراہم کرے گی۔برطانوی ہائی کمشنر نے یقین دلایاکہ برطانیہ متاثرین کی بحالی میں حکومت سندھ کی ہرممکن طریقے سے مدد کرے گا۔