کراچی (بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر سید علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم مانتی ہے کہ ہمارے دور میں ان کے زیادہ کام ہوئے، پھر کیوں ان کے ساتھ بیٹھے ہیں؟ غیرت مندی کا مظاہرہ کرے، منہ پر مارے حکومت۔وہ منگل کو کراچی میں پریس کانفرنس کررہے تھے ۔اس موقع پر فردوس شمیم نقوی، ارسلان تاج، بلال غفار و دیگر بھی موجود تھے۔علی زیدی نے کہا کہ سندھ میں اس وقت تماشہ لگا ہوا ہے، سندھ کی سرکار نظر نہیں آرہی ہے۔ لوگوں کی زندگیاں تباہ ہوگئی ہیں۔ کیمپوں میں ساڑھے چھ لاکھ حاملہ خواتین موجود ہیں۔ سندھ کے ٹھیکیدار بلاول ساری دنیا میں سوٹ ٹائی لگا کر گھومتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسپتال ایسے ہیں کہ یہ لوگ وہاں اپنے جانوروں کا علاج بھی نہ کرائیں۔ چیف منشی آصف زرداری کے پیسے گنتا ہے۔ حکومت گرانے کے لیے آصف زرداری خود لاہور میں بیٹھے ہیں۔انہوںنے کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت برطانوی سفارت جانے کیلئے ٹھیک ہے، سیلاب زدہ لوگوں میں جانے کے لیے نہیں ہے۔ لوگ ان کو نفرت کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، یہ لوگوں میں جانے سے گھبراتے ہیں۔ ہم جتنا سندھ کے لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں، کر رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ساتھ انہوں نے کے ایم سی کی کلیکشن کا چارج دے دیا ہے۔ یہ گن پوائنٹ پر پیسے لے رہے ہیں، یہ بل نہ دیں، تو بجلی کٹ جائے گی۔ کراچی کی سڑکیں برباد ہیں، اسپتال تباہ ہیں، کچرا ہے۔علی زیدی نے کہا کہ ماڈل ٹاو¿ن کا قاتل، جس پر بے شمار کیسز موجود ہیں، وہ آج کراچی آرہا ہے۔ بہانہ یہ ہے کہ ایم کیو ایم کے گمشدہ کارکنوں کی تعزیت کے لیے ان کے دفتر جانا ہے۔ ایم کیو ایم غیرت مندی کا مظاہرہ کرے، منہ پر مارے حکومت۔ رانا ثنااللہ کو جانا ہے تو تعزیت کے لیے مرنے والوں کے گھروں میں جائیں۔