جکارتہ۔ (اسپورٹس ڈیسک ):جنوبی کوریا فائنل میں ملائیشیا کو ہرا کر پانچویں مرتبہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی چیمپئن بن گئی۔جنوبی کوریا کی ٹیم نے فائنل میں ملائیشیا کو سخت مقابلے بعد 1-2 گول سے ہرا کر نہ صرف ٹورنامنٹ جیتا بلکہ اپنے ریکارڈ کو بہتر کرتے ہوئے پانچویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل ایشیا کپ کی تاریخ میں جنوبی کوریا کی ٹیم کو سب سے زیادہ چار مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل تھاجبکہ بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں تین ،تین مرتبہ یہ ٹائٹل جیت چکی تھیں۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے جاپان کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے ہرا دیا۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں جنوبی کوریا اور ملائیشیا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں جنوبی کوریا کے جنگ منجے نے 17ویں منٹ میں ایک گول کر کے ملائیشیا کے خلاف اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی جس کو ملائیشیا کے سید چولن نے 25 منٹ میں ایک گول کر کے 1-1میں تبدیل کر دیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ہاف ٹائم پر مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا جس کے بعد جنوبی کوریا کے ہوانگ ٹیل نے میچ کے 52ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلا دی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔ یوں جنوبی کوریا نے ملائیشیا کو 1-2 گول سے ہرا کر ریکارڈ پانچویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جاپان کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد جاپان کو 0-1 گول سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بھارت کی طرف سے واحد گول راج کمار پال نے میچ شروع ہونےکے بعد ساتویں منٹ میں سکور کیا۔ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت تیسرے، جاپان چوتھے اور پانچویں نمبر پر پاکستان آیا