لاہور( کامرس رپورٹر ) پاکستان بیورو برائے شماریات کی رپورٹ کے مطابق مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ،ملکی برآمدات میں پاکستانی کرنسی کے حساب سے جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں 40.53 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اگست 2022 تک کی مدت میں پاکستانی کرنسی میں ملکی برآمدات کا حجم 1,043,046 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 40.53 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی کرنسی میں برآمدات کاحجم 742,226 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔اگست کے مہینہ میں ملکی برآمدات کاحجم 548,326 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا
گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 48.67 فیصدزیادہ ہے۔گزشتہ سال اگست میں پاکستانی برآمدات کاحجم 368,814 ملین روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔جولائی کے مقابلہ میں اگست میں ملکی برآمدات میں 10.84 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔اس کے برعکس پاکستانی کرنسی میں درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر23.75 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔رواں سال ماہ جولائی سے لے کراگست 2022 تک کی مدت میں پاکستانی کرنسی میں درآمدات کاحجم 2,436,754 ملین روپے ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1,969,047 ملین روپے تھا۔اگست کے مہینہ میں ملکی درآمدات کاحجم 1,341,024 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست میں 1,079,268 ملین روپے تھا، اگست کے مہینہ میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر24.25 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔