دادو /کندھ کوٹ (نمائندگان )دادو اور کندھ کوٹ کشمور اضلاع کے مختلف علاقوں میں گیسٹرو اور ملیریا سے مزید 12 سیلاب متاثرین چل بسے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ دونوں بیماریاں اب تک امدادی کیمپوں اور سیلاب زدہ علاقوں میں ناگفتہ بہ حالت میں رہنے والے بے گھر افراد میں اموات کی بڑی وجہ ثابت ہوئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ میہڑ شہر کے قریب سیتا گاں میں گیسٹرو اور ملیریا سے مرنے والے دو سیلاب متاثرین کی شناخت اکبر سولنگی اور امتیاز قمبرانی کے نام سے ہوئی۔شفیع محمد کالونی میں آئی ڈی پیز کے لیے بنائے گئے ٹینٹ سٹی میں تین سالہ مصری کھوسو اور 10 سالہ رحیم چانڈیو میہڑ ٹان میں بائی پاس کے قریب کیمپ میں دم توڑ گیا۔ایک مقامی فنکار شاہ رخ خان اور ایک تاجر عطا محمد چانڈیو میہڑ میں گیسٹرو اور ملیریا سے جاں بحق ہو گئے اور واہی پاندھی قصبے کے نواحی گاں بخار جمالی میں دو خواتین امانت جمالی اور بدھی جمالی ملیریا سے چل بسیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کے این شاہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ان دو بیماریوں سے مرنے والوں کی تعداد اور گزشتہ پانچ دنوں میں آٹھ تک پہنچ گئی ہے اور میہڑ تعلقہ میں گزشتہ 30 دنوں میں اموات کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے۔