کراچی (اسپورٹس ڈیسک)
7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔انگلینڈ نے پاکستان کا 159 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرلیا، ایلکس ہیلز53 رنز بناکر نمایاں رہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنائے، محمد رضوان 46 گیندوں پر 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا آغاز اچھا رہا، بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان 85 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر بابر 24 گیندوں پر 31 رنز بناکر عادل رشید کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان حیدر علی کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 109 کے مجموعی اسکور پر 13 گیندوں پر 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی تیسری وکٹ 117کے مجموعی اسکور پر گری، سیٹ بیٹر محمد رضوان 46 گیندوں پر 68 رنز بناکر پویلین لوٹے۔اس کے علاوہ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے شان مسعود 7 رنز ، افتخار احمد 28 ، محمد نواز 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے لُک ووڈ نے 3 اور عادل رشید نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز اتنا اچھا نہ تھا،19 کے مجموعی اسکور پر اوپنر فل سالٹ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔انگلش ٹیم کی دوسری وکٹ 53 کے مجموعی اسکور پر گری، ڈیوڈ ملان 15 گیندوں پر 20 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس کے علاوہ بین ڈکٹ نے 21 رنز بنائے3 وکٹیں گرنے کے باوجود ایلکس ہیلز اور ہیری بروک نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔ایلکس ہیلز نے 40 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہیری بروک نے 25 گیندوں پر ناقابل شکست 42 رنز بنائے۔یوں انگلینڈ نے آخری اوور میں4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرکے 7 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے 2، د، ھانی اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی اور تین لاہور میں ہوں گے۔
انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کی وجہ سے کراچی میں ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اس دوران کپتانی کے فرائض معین علی انجام دیں گےپاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
بعد ازاں انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ تھوڑی سی تبدیلیاں کر رہے ہیں، تبدیلیاں کرتے ہیں تو غلطی تو ہوگی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے رضوان نے کہا کہ ورلڈکپ کیلئے کمبی نیشن بنانے کی کوشش کررہے ہیں، میں اگر آف اسٹمپ کی گیند کو لیگ اسٹمپ پر مار سکتا ہوں تو مجھے آف اسٹمپ پر بھی کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، جو لوگ میرے آف اسٹمپ کی بات کر رہے ہیں، اللہ انہیں جزائے خیر دے، مجھے آف اسٹمپ پر کھیلنے کی ضرورت نہیں۔
اپنی فٹنس کے حوالے سے سوال کے جواب میں رضوان نے کہا کہ میں تو فٹ ہو 2،3 دوڑیں اب بھی لگا لوں گا۔یک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ڈاٹ بال زیادہ کھیل رہے ہیں، اس مسئلے پر کام کر رہے ہیں، جس مشکل میں ہم کھیل رہے ہیں سامنے والی اننگز کو بھی دیکھیں، مجھے یہ نہیں پتہ لوگ ہمارے لیے کیا بات کررہے ہیں، میرے اور کپتان کے اسٹرائیک ریٹ پر جو لوگ بات کررہے رہیں اللہ انہیں جزائے خیر دے۔رضوان نے مزید کہا کہ جو لوگ بری نیت سے ٹیم کیلئے بات کر رہے ہیں اللہ انہیں بھی ذلیل کرے گا۔