لاڑکانہ(بیورورپورٹ) محکمہ صحت کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید اطہر حسین شاہ کے تعاون سے لاڑکانہ پریس کلب میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر سخیر اللہ پٹھان، ڈاکٹر مقبول چانڈیو، ڈاکٹر پرہ سکینہ گڑھ، ڈاکٹر عامر علی کلہوڑو، ٹیکنیشن محمد قاسم عباسی، محمد اسلم ڈکن، سلطان چانڈیو سمیت دیگر ڈاکٹروں اور عملے نے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کا ملیریا، خسرہ، بخار، جلد، اسہال اور دیگر امراض کا طبی معائنہ کرکے انہیں مفت دوائیں دی گئیں،
کیمپ میں ملیریا ٹیم کی جانب سے 49 سے زائد افراد کا ملیریا اور شوگر کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 17 افراد کا ملیریا مثبت آنے پر متاثرین کو 14 دن کی ادویات دی گئیں، اس موقع پر پریس کلب کے صدر ظفر ابڑو نے کیمپ کا دورہ کرکے ڈاکٹروں سے معلومات لی اور محکمہ صحت کی جانب سے لگائے گئے کیمپ کو صحافیوں کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ پریس کلب نے ہمیشہ فلاحی کاموں کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، صحافیوں کی بہتری اور اس آفت کے وقت صحافیوں کے لیے فری میڈیکل کیمپ اسی کی ایک کڑی ہے،
اس حوالے سے ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر سخیر اللہ پٹھان نے کہا کہ لاڑکانہ پریس کلب میں فری میڈیکل کیمپ لگانے کا مقصد صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو موجودہ سیلاب اور بارشوں کے بعد پھیلنے والی وبائی بیماریوں سے بچانا ہے، انہوں نے کہا کہ کیمپ میں ملیریا اور شوگر کے ٹیسٹ کرانے کے علاوہ ملیریا، کھانسی، بخار، جلد، ڈائریا اور دیگر امراض کی ادویات بھی دی گئی ہیں۔