اسلام آباد(نیٹ نیوز /مانیٹرنگ ڈیسک )
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی اور پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ‘ یہ اصل میں پاکستان کا مسئلہ ہے، اسٹیبلشمنٹ کا مسئلہ ہے، اگر اس وقت اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو میں آپ کو لکھ کر دیتا ہوں یہ بھی تباہ ہوں گے اور فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی کیونکہ ملک دیوالیہ ہوگا‘۔
ان کا کہنا تھاکہ ان لوگوں کو اقتدار سے نہ نکالا تو ملک کے نیوکلئیر اثاثے چھن جائیں گے اوردرست فیصلے نہ کیے گئے تو پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے۔
علاوہ ازیں عمران خان کے بیان پر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اتنی بے قراری ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ادارے انھیں اقتدار میں رکھیں ورنہ ایٹمی اثاثے چھن جائیں گے۔ سابق صدرآصف علی زرداری نے عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی پاکستانی اس ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا۔آصف زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں بلکہ مودی کی ہے،عمران خان دنیا میں اقتدار ہی سب کچھ نہیں ہوتا، بہادر بنو اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر سیاست کرنا سیکھ لو۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے تین ٹکڑے کرنےکی خواہش ہمارے اور ہماری نسلوں کے جیتے جی نہیں ہوسکتی،انشااللہ پاکستان تا قیامت آباد رہے گا۔اس کے علاوہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کو ہدایت کی کہ عمران خان کے ناپاک بیان پر گلی گلی احتجاج کریں۔ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھاکہ عمران اس سے پہلے یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر انہی لوگوں کو اقتدار میں رکھنا ہے تو بہتر ہے پاکستان پر ایٹم بم گرا دیا جائے