راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا (کے پی)کے ضلع شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 19 ستمبر کو بین الاقوامی سرحد پار افغانستان کے اندر سے دہشتگردوں نے ضلع شمالی وزیرستان کے شہری علاقے دواتوئی میں پاکستانی فوجیوں پر فائر کھول دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا اور باوثوق انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران جعفرآباد سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ سپاہی نذر محمد شہید ہوگئے۔بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان توقع کرتا ہے
افغانستان کی عبوری حکومت مستقبل میں اس طرح کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے مقصد کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔