کراچی( نمائندہ خصوصی ) شاہ لطیف ٹاﺅن میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کے خلاف علاقہ مکین مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور ٹریفک کی روانی معطل کرا دی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاﺅن میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے پریشان عوام سڑکوں پر نکل آئی، مظاہرین نے سڑک پر ٹریفک کی روانی معطل کرکے کے الیکٹرک اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کی۔
سڑک بلاک کیے جانے اور احتجاج کی اطلاع ملنے پر شاہ لطیف پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے ڈنڈے مارنے شروع کیے تو مظاہرین پولیس کے رویے پر مزید مشتعل ہوگئے اور پتھراﺅ شروع کر دیا۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی، تاہم علاقہ مکینوں کی جانب سے پتھراﺅ جاری رہا جس کی زد میں آکر دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق مظاہرین احتجاج ختم کرکے گھروں کی جانب لوٹ گئے ہیں
ٹریفک کی روانی بھی بحال ہوگئی ہے۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمیوں میں شاہ لطیف تھانے کا اے ایس آئی 40 سالہ منور حسین اور کانسٹیبل 30 سالہ اقرار شامل ہیں ، پولیس نے پتھراﺅ کرنے کے الزام میں دو مظاہرین کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔