کراچی( کرائم رپورٹر ) کراچی کے علاقے جیل چورنگی میں واقع فلیٹ کے نیچے قائم سپر اسٹور میں لگی آگ پر 23 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر جانے کے بعد بھی تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔
فائربریگیڈ،ضلعی انتظامیہ اورسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی( ایس بی سی اے) نے مشترکہ فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ لگے23 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے اس لیے عمارت کو فوری طور پر خطرناک قرار دے رہے ہیں۔
ایس بی سی اےذرائع کے مطابق تیسرے درجے کی آگ سے بلڈنگ کے پلرز ممکنہ طور پر متاثر ہوسکتے ہیں، آگ بجھنے کے 8 گھنٹے بعد انجینئرز کے ساتھ دوبارہ سروے کریں کیا جائے گا۔
ایس بی سی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارکنگ میں بنی دیواریں نہ توڑی جاتیں تو نقصان زیادہ ہونے کا خدشہ تھا جبکہ کاغذی کارروائی مکمل کرنے کیلئے ایس بی سی اے نے نائٹ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے ایس ایس پی ایسٹ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ عمارت کو ایس بی سی اے نے خطرناک قرار دیا ہے اس لیے عمارت کے اطراف پولیس کی نفری تعینات کی جائے اور غیرمتعلقہ شخص کو عمارت کے قریب نہ آنے دیا جائے
ذرائع کے مطابق
کشمیر روڈ اور شہید ملت روڈ کے سنگم پر جیل چورنگی فلائی اوور کے قریب واقع سپر اسٹور میں آتشزدگی میں عملے کی مبینہ غفلت سامنے آئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق سپر اسٹور میں جونہی آگ لگی، تو سپر اسٹور کے عملے کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگتے ہی ادارے کا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کرنے کی بجائے اسٹور سے باہر آکر کھڑا ہوگیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے والے دستیاب آلات کی مدد سے ابتدائی طور پر آگ پر فوری قابو پایا جا سکتا تھا مگر مبینہ طور پر عملے نے احساس ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا۔
اسٹور کے عملے کی جانب سے فائر بریگیڈ کو کال کر کے رسمی ذمہ داری پوری کی گئی، جب تک فائر ٹینڈر پہنچا آگ کافی حد تک پھیل چکی تھی۔
حکام کے مطابق آگ مکمل طور پر بجھنے کے بعد اس سلسلے میں تحقیقات کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ جیل چورنگی کے قریب رہائشی عمارت میں واقع سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں لگی آگ بے قابو ہوگئی ہے، عمارت میں موجود 1 مریض کو نکال لیا گیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 15 فائر ٹینڈر عمارت کی بیسمنٹ میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ شہر بھر سے فائر ٹینڈر بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔
ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے پانی کے کئی ٹینکرز روانہ کر دیئے ہیں جبکہ رینجرز کے جوان بھی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
پاک بحریہ بھی آگ بجھانے میں تعاون کر رہی ہے اور اس کا باؤزر آگ بجھانے میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آگ سے متاثرہ کثیر المنزلہ عمارت کو خالی کرالیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے میں مزید 12 سے 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔آتشزدگی کےدوران
سپر اسٹور میں آگ کے دھویں سے ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی شناخت وصی کے نام سےکی گئی ہے جو کہ گلستان جوہرکا رہائشی ہے۔