کراچی( کرائم رپورٹر ) شہر قائد میں ایک باہمت شہری نے جان خطرے میں ڈال کر لوٹ مار کی واردات ناکام بنا دی، ڈاکو گولی لگنے اور تشدد سے ہلاک ہو گیا، جب کہ پولیس چیف نے زخمی شہری کے لیے انعام کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایوب گوٹھ کے قریب لوٹ مار کی ایک واردات کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی گولی لگنے اور بعد ازاں مشتعل شہریوں کے ہاتھوں تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔پولیس حکام کے مطابق ایوب گوٹھ کے قریب پولٹری کا کام کرنے والے ایک شہری شاہد نواز بینک سے رقم لے کر نکل رہے تھے کہ 4 لٹیروں نے انھیں گھیر لیا اور رقم چھین لی،
ڈاکو فرار ہونے لگے تو شہری نے موقع دیکھ کر ہمت دکھاتے ہوئے ایک شہری کو دبوچ لیا۔رپورٹ کے مطابق ندی کی جانب سے اسی دوران گشت پر موجود پولیس اہل کار موبائل میں وہاں پہنچ گئے، شہری نے ایک ڈاکو کو پکڑ رکھا تھا، جس نے جان بچانے کے لیے شہری شاہد نواز کو گولی مار دی، جس سے وہ زخمی ہو کر گر گیا۔
تاہم شہری جیسے ہی زخمی ہو کر گرا اس کے گارڈ پیچھے سے آ گئے اور ڈاکو کو گولی مار دی، جس سے وہ زخمی ہو کر گر گیا، اس موقع پر وہاں موجود مشتعل شہریوں نے زخمی ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، جس سے وہ موقع ہی پر ہلاک ہو گیا۔دوسری جانب پولیس موبائل پر آئے اہل کاروں نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دیگر 2 لٹیروں کو بھی گرفتار کر لیا، جب کہ ایک گلیوں کے اندر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس حکام کے مطابق پکڑے گئے لٹیروں میں کلیم اللہ اور رضی اللہ شامل ہیں، جن سے 2 پستولیں اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، موٹر سائیکلیں چوری کی تھیں جن پر نمبر پلیٹیں جعلی لگی ہوئی تھیں،
ڈاکوؤں کو سہراب گوٹھ تھانے میں رکھا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے سہراب گوٹھ میں ڈاکوؤں کو پکڑنے والے شہری شاہد نواز کے لیے 50 ہزار روپے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم شہریوں کو یہ تاکید بھی کی گئی ہے کہ وہ ایسے خطرناک معاملات میں حد درجہ احتیاط برتیں، کیوں کہ ان کی جان بھی جا سکتی ہے، وہ تب آگے آئیں جب ان کے پاس اس کا پورا موقع ہو۔واضح رہے کہ کراچی میں جرائم کی شرح بہت بڑھ گئی ہے، ستمبر کے مہینے میں اب تک 13 شہری لٹیروں کے ہاتھوں جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں،