اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )ماہرین موسمیات نے بتایا ہے کہ مون سون کا آخری سسٹم (آج) منگل کو خلیجِ بنگال میں بن سکتا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ خلیجِ بنگال میں منگل کو ہوا کا کم دباﺅ بن سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہوا کے اس کم دباو کا رخ وسطی بھارت کی جانب رہے گا، تاہم کراچی سمیت سندھ میں اس سسٹم کے زیرِ اثر بارش کا امکان نہیں ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ مون سون کا آخری سسٹم کل خلیجِ بنگال میں بن سکتا ہے، البتہ مغربی ڈسٹربنس سرگرم ہونے پر سسٹم کے اثرات پاکستان پر کم رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے زیرِ اثر بالائی پنجاب اور خیبر پختون خوا میں بارش ہو سکتی ہے، تاہم سیلاب زدہ علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ ستمبر کے آخر یا اکتوبر کے ابتدائی دنوں میں مون سون ختم ہو جائے گا۔جواد میمن نے بتایا ہے کہ رواں سال پاکستان میں موسمِ سرما میں معمول سے کم درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک کے شمالی علاقوں اور پنجاب میں سردی کا آغاز 10 سے 15 دن پہلے ہو سکتا ہے، پاکستان کے شمالی حصے میں سردی کی شدت زیادہ رہ سکتی ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق مغربی ڈسٹربنس سے برف باری اور موسمِ سرما کی بارشیں کم رہیں گی۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں موسمِ سرما کا آغاز نومبر کے وسط سے ہو سکتا ہے، یہاں بھی سردی کی شدت زیادہ رہنے کی توقع ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کم درجہ حرارت اور کم بارشوں کے باعث اسموگ اور دھند کے مسائل رہیں گے۔