کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) اپنا حج آپریشن 6 جون سے شروع کرے گا۔منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پہلی حج پرواز 329 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔پی آئی اے 15 ہزار سرکاری سکیم کے تحت استفادہ حاصل کرنے والے عازمین حج حج کو لے کر جائے گی اور پرائیوٹ آپریٹرز کے 18 ہزار حجاج کرام پی آئی اے کا انتخاب کریں گے۔
پی آئی اے کی قبل از حج کی پروازیں 6 جون سے 3 جولائی تک آپریٹ ہوں گی جبکہ بعد از حج کی پروازیں 14 جولائی سے شروع ہوں گی اور 13 اگست تک جاری رہیں گی۔پی آئی اے کا کل حج آپریشن 331 پروازوں پر مشتمل ہوگا۔پی آئی اے 5بڑے شہروں اسلام آباد،کراچی، لاہور،ملتان اور کوئٹہ سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔
وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایات پر سی ای او پی آئی اے آپریشن کی خود نگرانی کریں گے۔ وزیر ہوابازی نے پی آئی اے حکام کو حج آپریشن کے دوران حجاج کرام کی خدمت قومی اور مذہبی فریضہ سمجھ کر سر انجام دے کی ہدایات جاری کی ہیں