اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا سیلاب متاثرین کی مثالی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کے دکھوں کی آواز بن گئے ہیں،پاکستان کو اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔اتوار کواپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی سیلاب متاثرین کی کی مثالی حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں،
ان کا دوروزہ دورہ اس انسانی سانحہ کے بارے دنیا بھر میں آگاہی پھیلانے میں نہایت اہم رہا۔ان کی ہمدردی اور قائدانہ خصوصیات نے مجھے متاثر کیا،پاکستان کو اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں سیلاب متاثرہ علاقوں اور امدادی کیمپس کے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو دیکھ کر ششدر رہ گئے۔ وہ سیلاب متاثرین کے د±کھوں کی آواز بن گئے ہیں،دنیا کو انکی موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے حوالے سے گفتگو پر توجہ دینی چاہیے۔