اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوآرتے پاشیکو اپنے تین روزہ دورے پر علی الصبح اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے۔صدرآئی پی یو دوآرتے پاشیکو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، صدر آئی پی یو کی تین روزہ دورہ کے دوران صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف و دیگرسے اعلی سطح ملاقاتیں متوقع ہیں۔ قومی اسمبلی کے زیر اہتمام بین الپارلیمانی یونین کے تیسرے ریجنل سیمینار کی افتتاحی تقریب میں بھی صدر آئی پی یو شرکت کریں گے
یہ سیمینار پاکستان میں حالیہ سیلابوں سے ہونے والی تباہی سے مختلف ممالک کو آگاہی کیلئے منعقدکیا جارہا ہے۔سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے آئی پی یو کے صدر کااسلام آبا د ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے آئی پی یو کے صدر کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ صدر آئی پی یو کے دورہ پاکستان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔صدر آئی پی یو نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترقی یافتہ ممالک پاکستان کی بھر پور مدد کریں۔