کراچی( نمائندہ خصوصی )حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ملک بھر میں تباہ کن صورتحال کے پیش نظر پاک فضائیہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے عمل کے لیئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
پاک فضائیہ کا ہوائی بیڑہ اور ہیلی کاپٹرز سیلاب متاثرین کے محفوظ انخلاء سمیت اشیائے خوردونوش اور طبی سامان کی بزریعہ ائیر ڈراپ ترسیل میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیمیں سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے فلڈ ریلیف کیمپوں میں مسلسل طبی امداد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 22,785 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 250 پانی کی بوتلیں اور 1380 بنیادی غذائی اجناس پر مشتمل خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیئے۔
مزید براں مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں میڈیکل ٹیموں نے 1389 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔