گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا فتنہ اور فساد جلد عوام کے سامنے بے نقاب ہوجائے گا،یہ سیاست کا نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا وقت ہے۔ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور ایک دن بھی پیٹرول کی شارٹیج نہیں ہوئی،اتوار کو گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا اور بجلی سپلائی میں رکاوٹ آئی تھی تاہم دن رات کی محنت کے بعد بجلی کا نظام مکمل بحال کر دیا ہے۔ اب صرف معمول کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دادو کا گرڈ اسٹیشن بلوچستان اور جنوبی سندھ کی سپلائی کے لیے بہت اہم ہے لیکن پانی اس کی طرف بڑھ رہا ہے اور خطرہ موجود ہے۔ ہم دادو گرڈ اسٹیشن کو بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ دادو شہر چاروں طرف سے پانی میں گھرا ہوا ہے۔خرم دستگیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے بجلی کے کھمبے بھی پانی میں بہہ گئے تھے۔ ملک میں خسارے والے فیڈرز میں معمول کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اس ملک میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں لیکن یہ سیاست کا نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا وقت ہے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت اپنا کام کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی جتھے کے پاس جلسے کے لیے 10 کروڑ ہیں تو بہتر یہی تھا کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے استعمال ہوتے کیا سیلاب متاثرین کے لیے حکومت پنجاب کے پاس پیسے نہیں جبکہ حکومت پنجاب کے پاس وزرا کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے 30 کروڑ روپے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور ایک دن بھی پیٹرول کی شارٹیج نہیں ہوئی۔ بجلی کے بلوں کا بہت دکھ تھا مگر وزیر اعظم نے فوری طور پر ریلیف دیا اور بجلی کی قیمت نیچے آئے گی، تمام اسٹیشن چلا کر لوڈشیڈنگ کو کنٹرول رکھا،خرم دستگیر نے کہا کہ میں ڈھونڈتا رہا لیکن عمران خان کی تقریر میں سیلاب متاثرین کا ذکر نہیں تھا۔ جلسے میں ہمیں کوئی بتا دیتے کہ 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ کو کیسے امداد پہنچاتے۔ ہم نے متاثرین کو گھر بنا کر دینے ہیں اور کروڑوں لوگوں کو کھانا فراہم کرنا ہے۔