اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کی کال کے بیان کو گیڈر بھبکی قرار دےدیا ۔ اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب سیلاب کی وجہ سے لوگ پہلے سے ہی سڑکوں پر ہیں، آپ اندھے اور بہرے ہو چکے ہیں ،الیکشن زبردستی رونے چیخنے اور پیٹنے سے نہیں ہو گا 2023 میں ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان لگتا ہے کان نہیں کھلے ، کان کھول کے سن لیں الیکشن 2023 میں ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب میں ڈوبے ہوئے ملک کی حالت دیکھیں جبکہ عمران خان اپنی زہریلی انّا میں ڈوبے ہوئے ہیں ،عمران صاحب لاڈلا بن کر ”زور زبر دستی“کی آپ کو عادت ہو گئی ہے، عادت بدل لیں، وقت بدل چکا ہے ،قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا، پھر آپ چیخیں گے، روئیں گے اور پیٹیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ صرف یہ ہے کہ عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے ،مسئلہ صرف یہ ہے کہ عمران خان اور اہل وعیال کی لوٹ مار اور ڈاکے کی پوری حقیقت قانون کے سامنے آ چکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ عوام کو عمران خان کے فارن ایجنٹ ہونے کا پتہ چل گیا ہے ،اصل مسئلہ یہ ہے کہ عوام کو خیرات کے پیسے ذاتی خرچ کے لئے استعمال کرنے والے عمران خان کا پتہ چل گیا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران صاحب عوام سیلاب زندگان کی مدد کی کال پہ ایک ہو چکی ہے آپ کی فتنہ، فساد اور انتشار کی کال پہ نہیں آئے گی ،کبھی بھی کال دوں گااور پھر بھاگ جاوں گا ۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب زدگان کی مدد کو نہیں جاوں گا، اقتدار کے لئے شر، فتنہ اور فساد پھیلاوں گا ۔