کراچی ( بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے پی ٹی آئی سندھ آفس میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ این اے 246 لیاری سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر شکور شاد ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے، انہوں نے بائی الیکشن میں نامینیشن جمع کرائی، الیکشن کمیشن نے نامینیشن منظور کی اور پھر وہ دستبردار ہو گئے۔اب اس کی سیٹ ری اسٹور کردی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن ان باتوں کا جواب دے۔ یہ پھر سیلاب کو بہانہ بنا کر الیکشن سے بھاگ گئے۔ لیاری، کورنگی میں کون سا سیلاب ہے؟ الیکشن کمیشن کو دو دن پہلے ایسا کیا خیال آیا؟ انہیں ڈر تھا کہ خان صاحب 9 نشستیں جیت جائیں گے، حیدرآباد کراچی میں تحریک انصاف کے مئیر آجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول اپنے والد زرداری سے کچھ سیکھ لو، وہ چور ہے مگر منافق نہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان و رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج اور صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ مجھے سندھ حکومت کہیں کام کرتی نظر نہیں آئی۔ این جی اوز کو سلام ہے جو وہاں کام کررہے ہیں۔ سندھ میں کوئی حکومت نہیں ہے۔ یہ اپنے محلوں کے دروازے کھول کر سیلاب زدگان کو پناہ دیں۔ ان سب پر کرپشن کیسز بنے ہوئے ہیں۔ زرداری صاحب کی طبیعت ہی ٹھیک نہیں ہورہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پر فرد جرم عائد ہونی ہے۔ کمال ہے جلسے میں کہی بات پر فرد جرم لگا رہے ہیں۔ مریم اور مولانا نے کیا کیا کہا، کوئی توہین عدالت لگی نا فرد جرم عائد ہوئی۔ رانا ثنا اللہ نے دھمکیاں دیں، مریم نے ویڈیوز کی دھمکیاں دیں، سپریم کورٹ پر حملے کیے، ان پر کوئی فرد جرم نہیں لگی۔ خان صاحب نے ایکشن لینے کا کہا، انکا مطلب تھا کہ وہ حج صاحبہ کو عدالت میں لے کر جاﺅں گا۔