اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان کو کلائمیٹ چینج فنڈز سے امداد جاری کرے کیونکہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے خود یہاں ہونے والی تباہی دیکھی ہے، پاکستان کلائمیٹ چینج کا شکار ہونے والا واحد ملک ہے، دنیا کو سمجھنا چاہیے کہ یہاں کچھ علاقوں میں 17 سو ملی میٹر بارش بھی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ ہم سے ناراض ہیں لیکن وہ ہمارے لئے محترم ہیں، لوگوں کی ناراضگی ہے کیونکہ کپاس، چاول، کھجور کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ لوگوں کے گھر گر گئے، بچے فوت ہوگئے لوگ برباد ہوگئے اس لئے لوگوں کا ہم پر غصہ جائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آسمان سے جو پانی برسا ہے اس کا کیا کریں، انشااللہ جو نقصانات ہوئے ہیں اس کا ازالہ کریں گے۔