کراچی ( نمائندہ خصوصی ) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں کامران ٹیسوری کی ڈپٹی کنوینئر کی حیثیت سے بحالی پر کئی ارکان ناراض ہوگئے، سینئر رہنما ڈاکٹر شہاب امام نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔ڈاکٹر شہاب امام نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو میرا تحریری استعفیٰ جلد بھیج دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم قیادت کے حالیہ فیصلوں سے مطمئن نہیں ہوں اور غلط فیصلوں پر بطور احتجاج استعفی دے رہا ہوں۔ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر شہاب امام نے بتایا کہ ایم کیوایم کے دیگر کئی ہم خیال بھی ہیں جو پارٹی فیصلوں سے مطمئن نہیں ہیں۔دوسری جانب ایم کیو ایم کی ایم این اے کشور زہرہ نے شکوہ کیا ہے کہ وہ خاموشی سے کیے گئے فیصلوں سے متفق نہیں۔
کشور زہرہ نے کہا کہ چند لوگوں کی خواہشوں کو رابطہ کمیٹی، جنرل ورکرز اجلاس کی رائے کہا جا رہا ہے۔اس کے برعکس کامران ٹیسوری نے کہا کہ پارٹی میں میری شمولیت کی توثیق خالد مقبول صدیقی نے کی ہے، ارکانِ رابطہ کمیٹی کے اعتراضات پر ایم کیو ایم ہی موقف دے گی۔