کراچی ( نمائندہ خصوصی) سندھ کے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم ہوئی یا نہیں؟ اینٹی کرپشن حکام پر مبنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین میں امداد کی شفاف تقسیم کے حوالے سے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن جامشورو جاوید احمد پھلیپوٹو کی سربراہی میں بنائی گئی 4 رکنی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، کمیٹی میں حیدرآباد، سکھر اور ٹنڈوالہیار کے افسران شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی سیلاب زدہ علاقوں میں جاکر امدادی سامان کی تقسیم کا جائزہ لے گی اور اس بات کی تحقیقات کرے گی کہ امداد کس کو، کتنی اور کن اضلاع میں تقسیم کی گئی۔تحقیقاتی کمیٹی اس حوالے سے 3 روز میں رپورٹ تیار کرکے متعلقہ حکام کو پیش کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے ، سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ اور بلوچستان کے صوبے ہوئے ہیں جہاں کروڑوں لوگ کھلے آسمان تلے آگئے ہیں اور اموات کی تعداد بھی ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔