کراچی ( نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی و نگراں رین ایمرجنسی سکھر جام اکرام اللہ دھاریجو نے گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انفرااسٹرکچر کی تباہی کے باعث امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا ہے۔ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث سڑکیں اور ریلوے کا نظام تباہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ انفرااسٹرکچر کی تباہی کے باعث امدادی سامان لانے میں دشواری کا سامنا کررہے ہیں۔اتنی بڑی تباہی کا سامنا کرنے کے لئے کوئی بھی حکومت تیار نہیں ہوتی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ اتنی شدید بارشوں کی سندھ کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ حکومت سندھ نے سیلاب متاثرین کے لئے ٹینٹ سٹی قائم کردئیے ہیں اوران ٹینٹ سٹی میں ادویات ، کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حکومت سندھ وفاقی حکومت کے تعاون سے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔بیماریوں سے بچاو کے لئے اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی تنظیموں کے ساتھ بھی حکومت سندھ مکمل تعاون کررہی ہے، نقصانات کا سروے کرلیا گیا ہے، حکومت سندھ نقصانات کا ازالہ کرے گی۔