کراچی ( نمائندہ خصوصی) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کی منیجنگ کمیٹی کے انتخابات برائے سال2022-2023کے لیے بزنس مین گروپ ( بی ایم جی ) کے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ، الیکشن کمیشن کو مجموعی طور پر32اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے جن میں سے17میدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے اس طرح باقی رہ جانے والے بی ایم جی کے تمام15 امیدوار کراچی چیمبر آف کامر س کے انتخابات برائے سال2022-2023میں کامیاب قرار پائے۔ بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا، وائس چیئرمینز بی ایم جی طاہر خالق، ہارون فاروقی،انجم نثار، جاوید بلوانی اور جنرل سیکرٹری اے کیو خلیل نے رب تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کراچی کی تاجرو صنعتکار برادری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بی ایم جی پر ہمیشہ بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہاکہ25ویں سال مسلسل کامیابی بی ایم جی کی عوامی خدمت کا ثمر ہے اور یہ واضح کرتا ہے کہ تاجروصنعتکاروں کی اکثریت بی ایم جی کی پالیسیوں سے اتفاق کرتی ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں اور انہیں اس بات پر مکمل یقین ہے کہ بزنس مین گروپ ہی ان کی بہتر خدمت کرسکتا ہے۔بی ایم جی قیادت نے اس امید کا اظہار کیا کہ بی ایم جی کے نومنتخب نمائندے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تاجر وصنعتکار برادری کی بھرپور خدمت کریں گے اور بی ایم جی کے پبلک سروس کے مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔بی ایم جی کے کامیاب امیدواروں میںمحمد عارف،محمد طارق یوسف،افتخار احمد شیخ،الطاف اے غفار، طارق اکرام خان،سہیل احمد، محمدیوسف یعقوب، جنیدالرحمان،شعیب منظور،محمد بلال، عدیل ناصر،محمد کاشف شیخ،محمد فاروق افضل، عمران احمد شیخ اور حارث اگر شامل ہیں۔ جیسا کہ منیجنگ کمیٹی کہ تمام ارکان بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں لہٰذا 24ستمبر 2022 کو منیجنگ کمیٹی کے انتخابات نہیں ہوں گے جبکہ کراچی چیمبر کے عہدیدران برائے سال2022-2023کے لیے انتخابات 28ستمبر2022کو منعقد ہوں گے۔