لاڑکانہ(عاشق خان سے ) وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے مختلف امدادی کیمپوں کا دورہ کیا جہاں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے مسائل سنے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب متاثرین کی بحالی میں مصروف لیڈی ہیلتھ ورکرز، نرسز اور انتظامیہ کے افراد سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انہیں بریفنگ بھی دی، اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا، کیمپوں کے دورے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیلاب سے موئن جو دڑو کے تاریخی ورثے کو ہونے والی تباہی کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے اپنے تاثرات بھی تحریر کیے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار شاہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو موئن جو دڑو میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بریفنگ بھی دی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔