کراچی ( نمائندہ خصوصی)
کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔زرائع کےمطابق کراچی پولیس آفس (کے پی او) میں پولیس افسران کا اہم اجلاس ہوا جس میں پولیس چیف نے تمام زونل ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو ہدایت جاری کیں۔پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ شہریوں کو اسٹریٹ کرمنل سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری اسٹریٹ کرمنل کے خلاف آپریشن کو تیز کیا جائے گا جبکہ جرائم پر قابو پانے کے لیے ضلعی سطح پر اسپیشل ویجیلنس ٹیمیں بنائی جائیں۔خیال رہے کہ حالیہ کچھ ماہ میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے بہت سے شہری نقدی، قیمتی زیورات اور گاڑیوں سے محروم ہوئے۔اس کے علاوہ اسٹریٹ کرائمز کے دوران مزاحمت پر متعدد افراد ہلاک اور زخمی بھی ہوئے اور شہر میں اس عفریت پر قابو پانے کے لیے گزشتہ دنوں اسٹریٹ واچ فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔