اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)ایوان بالا نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضہ اور فلسطینیوں پر جاری مظالم کے خلاف قرارداد منظور کر لی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر مشتاق احمد نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان فلسطینی علاقوں کی غیر قانونی اسرائیلی دیرینہ قبضے اور گزشتہ 74 سالوں کے دوران بے گناہ فلسطینی عوام پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون اور روایات کی خلاف ورزی میں مظالم سے باخبر ہے
قرارداد میں کہا گیا کہ سینیٹ آف پاکستان معصوم زائرین اور الاقصیٰ مسجد میں عبادت کرنے والوں پر اسرائیلی افواج کے تشدد اور حالیہ مطالم اور اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کی دہائیوں پرانے بندش کی پرزور مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان حکومت پر زور دیتا ہے کہ تمام سفارتی اور تشہیری ذرائع کو بروئے کار لائے تاکہ تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورم پر تمام مسلمانوں کے ساتھ رابطے کے ذریعے فلسطینی تنازعہ کو اجاگر کرے اور فلسطینی علاقوں کی آزادی کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان حکومت پر مزید زور دیتا ہے کہ تمام مسلمان ریاستوں کی فلسطینی تنازعہ کی بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے ایک مشترکہ نمائندگی مقرر کرنے کے لئے مواقع تلاش کرے۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دیدی۔