اسلام آباد( کامرس رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ہے، سی پیک کی صورت میں چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، چین اور پاکستان کے تعلقات طویل اور وسیع ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو معروف چینی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے، پاکستان کو ہر شعبہ میں چین کے تعاون کی ضرورت ہے، گذشتہ تین دہائیوں میں چین نے بے مثال ترقی کی ہے خاص طور پر زراعت اور صنعت کے شعبہ میں چین کی معاونت درکار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کریں گے، صنعتی شعبہ میں ترقی کیلئے پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز سے احسن طریقہ سے نبرد آزما ہوں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان اہم منصوبہ ہے، سی پیک کی صورت میں چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات طویل اور وسیع ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے