اسلام آباد(نمائندہ خصوصی/اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی بحالی اور بجٹ23-2022 میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو مسلم لیگ (ن) کے سابق دور کی طرز پر فعال بنایا جائے۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق وزارت منصوبہ بندی اور خزانہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں گزشتہ پونے چار سال میں کٹوتیوں نے اعلی تعلیم پر منفی اثر ڈالا ہے، اس عمل کو ریورس کیا جائے ۔ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی پراجیکٹس کی بحالی پر توجہ مرکوز کی جائے۔
اعلی تعلیم کو عالمی معیار پر استوار کرتے ہوئے پروگرامز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں کٹوتی نہ کی جائے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔ اساتذہ اور طالب علموں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں