کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و چیئرمین گورننگ باڈی سیسی سعید غنی نے کہا ہے کہ سیسی میں نئے آنے والے کنسلٹنٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں آپ کا تعلق سیسی سے جڑ رہا ہے۔ سیسی میں ہم محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کا علاج کرتے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ محنت کشوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیسی ہیڈآفس میں میڈیکل کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کو ان کی ملازمت کے تقررنامے دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے کمشنر سیسی احمدعلی قریشی، وائس کمشنر صفدررضوی، گورننگ باڈی کے ممبران محمدخان ابڑو، شاجہاں شیخ، عبدالواحد شورو، میڈیکل ایڈوائزرشاہ محمدنوناری، ڈائریکٹرمیڈیکل ایڈمن غلام مصطفی ابڑو اور سیسی کے دیگر ڈائریکٹرز اور چیف میڈیکل آفیسرز نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہاکہ آج ہم نے سیسی میں کنسلٹنٹ ڈاکٹرزکی کمی کو پورا کیا ہے اور اگلے فیز میں آر ایم او، اور میڈیکل ٹیکنیکل اسٹاف بھی بھرتی کریں گے۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ ہم نے میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور میرٹ پر نوکریاں دیں۔ اب ہم چاہتے ہیں کہ جن لوگوں کو بھرتی کیا جارہا ہے وہ اپنے حصے کا کام بخیر و خوبی انجام دیں اور آپ کی جہاں تقرری کی جائے وہاں جائیں اور محنت کشوں کی مشکلات دور کریں۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ خدمت خلق کے شعبے سے وابسطہ ہیں اور آپ کا کام ثواب کا کام بھی ہے، اللہ آپ کو اس خدمت کا اجردیتا ہے۔۔انہوں نے کہاکہ میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ اپنے شعبہ میں کامیاب ہوں اور سیسی کے اسپتالوں میں اپنی ذمہ داریاں بہتر طور پر انجام دیں۔اس موقع پر کمشنر سیسی نے اپنے خطاب میں کہاکہ میں وزیرمحنت سعید غنی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر اس پروگرام میں شرکت کی اور ہمیں عزت بخشی۔
یہ بہت تاریخی لمحہ ہے کہ جب آپ لوگوں کو آفر لیٹر دیے جارہے ہیں، ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں تھا ہم نے میرٹ پر آپ لوگوں کو بھرتی کیا ہے۔ کمشنر سیسی نے کہاکہ ہم آپ لوگوں سے بھی امید کرتے ہیں کہ آپ لوگ بھی اسپتالوں میں مریضوں سے خندہ پیشانی سے پیش آ کر ان کو علاج معالجہ کی بہترین سہولت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے، یہ آپ کیلئے جہاد سے کم نہ ہوگا۔ آخر میں وزیرمحنت سعید غنی نے بھرتی ہونے والے کنسلٹنٹ میں Appointment آفر لیٹر تقسیم کیے۔