کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاکہ بارشوں اورقمرتوڑمہنگائی کی وجہ سے عوام دہرے آزمائش میں ہے۔نااہل قیادت اورسودی نظام معیشت سے کاروباری طبقہ سخت پریشان اورعام آدمی دووقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہے۔بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسزاورمہنگائی کے طوفان پراے پی ڈی ایم قیادت کی مجرمانہ خاموشی افسوس ناک اوران کے دہرے معیار کی عکاسی کرتی ہے۔کراچی کی بھتری اورعوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی انتخابات میں ترازوکے نشان پرکھڑے جماعت اسلامی کے نامزدامیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹیل پاڑہ یوسی 3میں بلدیاتی انتخابی مہم کے دوران کارنراجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔یوسی چیئرمین کے امیدوارعبدالشکور ،وائس چیئرمین صفدرراجپوت،کونسلر ومقامی ذمے داران بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔صوبائی امیر کامزید کہناتھا کہ اہل ومخلص قیادت کے فقدان کی وجہ سے آج کراچی تاکشمور پوراصوبہ لاوارث بنا ہوا ہے۔سندھ کا ہرشہرتباہی کے دھانے جبکہ بارش متاثرین اپنے گھروں اوراملاک سے محروم ہوکر سڑکوں پرکھلے آسمان تلے خواتین ومعصو م بچوں کے ساتھ بے یارومددگار پڑے ہوئے ہیں۔ حکومتی ٹولہ فوٹوسیشن میں لگا ہوا ہے۔اس لیے بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے ہی شہروں کی حالت بھتر اورعوام کے بنیادی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔