گوادر( بیورورپورٹ )
مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنے کو اپنا فرض سمجھنے والے سراج داد سے گوادر میں مسلم لیگ (قیوم) کے مرکزی عہدیداران ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل انور اور سوشل میڈیا آرگنائزر مخدوم ثقلین بخاری نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ قیوم کے دونوں رہنماؤں نے سراج داد کی بے لوث انسانی خدمت کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔
فیصل انور نے کہا کہ گوادر میں بیٹھ کر انسانی خدمت کرنا آسان کام نہیں کیونکہ اس شہر میں وہ تمام وسائل موجود نہیں جو لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں دستیاب ہیں۔ تاہم ہم سراج داد کے ساتھ کھڑے ہیں اور چاہتے ہیں کہ بلوچستان اور خاص کر گوادر کی غریب عوام کے مسائل جلد از جلد حل کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بہتر تعلیم اور اچھی صحت کا حامل معاشرہ کبھی حالات سے شکست نہیں کھاتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو گوادر سمیت پورے بلوچستان کے لیے تعلیم ہمارا نصب العین کے نام سے مفت تعلیم کا اعلان کرنا چاہئیے اور صحت پر خاص توجہ دینی چاہیئے۔ گوادر کے حالات دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے ہم کسی ایسے شہر میں آگئے ہیں جہاں حکومت نام کی کوئی چیز ہی نہیں۔ فیصل انور نے کہا کہ بلوچ قوم کی تاریخ شاندار روایات کی حامل ہے لہذا انکا مستقبل بھی شاندار اور روشن ہونا چاہیئے۔ ہمیں یہاں کے لوگوں سے مل کر اندازہ ہوا کہ یہاں کے لوگ ہر حال میں پاکستان کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتے ہیں لیکن انکی داد رسی کے لیے حکومتی اقدامات کا فقدان ہے۔
گوادر کے سماجی خدمت گار سراج داد نے مسلم لیگ قیوم کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں اور اپنے ملک سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی دوسرے صوبے کرتے ہیں لیکن ہمارے صوبے کو اتنی اہمیت نہیں دی جا رہی جسکی وجہ سے یہاں تعمیر و ترقی کا رجحان نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تعلیم اور صحت کے مسائل کے علاوہ دیگر مسائل بھی ہیں، حکومت ان مسائل کا فوری حل تلاش کرے۔