اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی سے متعلق وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں وزارت قانون اور پولیس کے افسران بھی شریک ہوئے اور اجلاس میں عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا ۔
ذرائع نے بتایاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایک واقعہ کی 2 ایف آئی آر نہیں ہو سکتیں، شہبازگل کے حق میں نکالی گئی ریلی دفعہ 144 کی خلاف ورزی بھی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ایڈووکیٹ جنرل اور وزارت قانون سے 2 آپشنز پر رائے مانگ لی ہے۔ذرائع کے مطابق رائے مانگی گئی کہ عمران خان پر الگ سے مقدمہ درج ہو یا شہباز گل کیس کا حصہ بنایا جائے۔ذرائع کے مطابق عمران خان پر مقدمے کا فیصلہ ایڈووکیٹ جنرل اور وزارت قانون کی رائے کے بعد کیا جائے گا۔