کراچی( بیورو رپورٹ) الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے اتوارکو قومی اسمبلی کے حلقہ 245میں الیکشن کے دوران پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیف سیکریٹری سہیل راجپوت اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن بھی الیکشن کمشنر سندھ کے ساتھ تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمشنرسندھ اعجازانور چوہان نے کہا کہ سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات ہیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بہت اچھا انتظام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی اس پرامن طریقہ کارکو خراب کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ بروقت تمام پولنگ اسٹیشنز پر موجود تھا، ڈی آر او اور ان کی ٹیم بھی متحرک ہے۔انہوں نے کہاکہ کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا، ماحول سازگار ہے، عوام باہر نکلیں اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت نے کہاکہ این اے 245 کے ضمنی انتخابا ت میں ابھی ووٹرز ٹرن آﺅٹ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بے تحاشہ بارش ہوئی ہے، 23 سے 25 اگست کو بارش کے ایک اور اسپیل کا امکان ہے، بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہیں۔آ ئی جی سندھ غلام بنی میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلحے پر پابندی ہے، کوئی اسلحے کے ساتھ حلقے میں نہیں آ سکتا۔این اے 245 میں پولیس کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز بھی تعینات تھی۔قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کی یہ نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔