لاہور( نمائندہ خصوصی)شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث بلوچستان کادیگر صوبوں سے ریل رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔بلوچستان میں ہونے والی شدید بارشوں نے جہاں مکانات اور دیگر املاک کو تباہ کیا وہیں بجلی کا نظام اور ریلوے ٹریک بھی شدید متاثرہوئے ہیں۔
شدید بارش کے باعث کوئٹہ جانے والے متعدد ریلوے ٹریکس پانی میں ڈوب گئے ہیں جس کے بعد لاہور سے کوئٹہ جانے والی ٹرینیں سکھر تک محدود کردی گئی ہیں جبکہ کوئٹہ سے چلنے والی جعفر ایکسپریس کول پور اسٹیشن سے واپس کردی گئی ہے۔پاکستان ریلوے نے بلوچستان میں آپریشن روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی، پشاور اور لاہور سے کوئٹہ جانے والی ٹرینیں سکھر تک چلیں گی۔
ریلوے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حبیب کوٹ، سبی، ڈیرہ مراد جمالی اور نوتال اسٹیشن بند کردیئے گئے ہیں، ان اسٹیشنوں کے ٹریکس پر 6 سے 12 انچ تک پانی اوپر سے گزر رہا ہے۔ترجمان ریلوے کے مطابق ٹریکس کے اوپر سے ایک فٹ تک سیلابی ریلا گزر رہا ہے، صورت حال کنٹرول کرنے کے لیے ریلوے ٹیمیں کام کررہی ہیں۔