سکھر(بیورورپورٹ) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی و نگران رین ایمرجنسی سکھر جام اکرام اللہ دھاریجو نے سکھر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے
بارش کے نتیجے میں ہونے والی صورتحال اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلعی حکام بھی صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے میانی ڈسپوزل، سٹی پوائنٹ، دعا چوک سمیت سکھر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ نکاسی آب کے کاموں کی نگرانی کی اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر بارش کے پانی کی نکاسی کے احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ سمیت سندھ کابینہ کے تمام اراکین عوام کی مدد کے لئے فیلڈ میں موجود ہیں ۔
انہوں نے مذید کہا کہ حالیہ شدید مون سون کی بارشوں کے باعث صوبہ میں لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے۔ ہم مشکل حالات میں عوام کے ساتھ ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حکومت سندھ
محدود وسائل میں رہ کر بارش سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن ریلیف دے رہی ہے۔