کراچی (رپورٹ حرا شبیر) معروف شاعرہ کشور عروج کے پہلے شعری مجموعے ” میرے دل سے پوچھو” کی تقریب رونمائی اور خوبصورت مشاعرے کی محفل کا انعقاد مقامی ریسٹورینٹ کے پارٹی ہال میں کیا گیا جس کے منتظم اعلی کشور عروج کے شریک حیات شاہد قمر تھے ۔ تقریب کی صدارت ممتاز صحافی، محقق، مورخ، ادیب اور شاعر خواجہ رضی حیدر نے کی۔ مہمانانِ خصوصی معروف شاعرات محترمہ گلنار آفرین، محترمہ ریحانہ روحی اور شاعر راشد نور تھے
مہمان اعزازی سینئر صحافی، تجزیہ کار، شاعر اور ھوم ٹی وی کے سی ای او اقبال سہوانی تھے۔ تقریب کے آغاز میں مشاعرے کی نظامت کے فرائض صاحب تقریب محترمہ کشور عروج نے انجام دیے اور محفل میں موجود شعراء نے اپنا کلام نذرِ سامعین کیا بعد ازاں تقریبِ رونمائی کی نظامت کی ذمہ داری راقم السطور نے نبھائی۔ تقریب کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے راقمہ نے مسند پر موجود شخصیات کو اظہار خیال کی دعوت دی اور ان سے اپنا خوبصورت کلام بھی نذر کرنے کی درخواست کی۔ تقریب کے اختتام پر محترمہ کشور عروج نے معزز مہمانوں کو اپنا شعری مجموعہ اور پھول پیش کیے۔